بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ایک چلتی بس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
افسوسناک واقعہ منگل کی صبح پیش آیا جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق، بس جیسے ہی مغربی بائی پاس کے قریب پہنچی، نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس میں آگ لگ گئی۔
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی،
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈ عملے نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم بس مکمل طور پر جل چکی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے، مگر حتمی رائے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








