امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر بروکلین پارک میں جمعہ کے روز پیش آنے والے طیارہ حادثے کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چھوٹا سنگل انجن طیارہ کرسٹل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی لمحوں بعد تیزی سے نیچے آ کر زمین سے ٹکرا جاتا ہے۔
افسوسناک واقعے کے نتیجے میں طیارے میں سوار نارتھ ڈکوٹا کی ریاستی رکن اسمبلی لِز کونمی سمیت 2 افراد ہلاک ہو ئے۔
فوٹیج کے مطابق بیچ کرافٹ F33A طیارہ صبح تقریباً 11 بج کر 51 منٹ پر ساؤتھ بروک پارک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا جو ایئرپورٹ کے شمال مغرب میں 62ویں ایونیو نارتھ اور فلوریڈا ایونیو نارتھ کے قریب واقع ہے۔ زمین سے ٹکراتے ہی طیارہ آگ کے شعلوں میں گھِر گیا تاہم خوش قسمتی سے زمین پر موجود کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قسم کے مالی نقصان کی اطلاع ملی۔
New Video released
Plane crash near Crystal Airport in Brooklyn Park, Minnesota, kills two, including North Dakota state Rep. Liz Conmy.#planecrash #crash #breaking #minnesota pic.twitter.com/DTKQEAaYhr— Chaudhary Parvez (@ChaudharyParvez) April 27, 2026
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں لِز کونمی شامل ہیں جو فارگو نارتھ ڈکوٹا سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ رکن اسمبلی تھیں جبکہ پائلٹ کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔ سی سی ٹی وی مناظر میں طیارے کی غیر مستحکم پرواز بھی دیکھی جا سکتی ہے جو حادثے سے پہلے کسی تکنیکی خرابی کی نشاندہی کرتی ہے۔
عینی شاہدین نے بھی بتایا کہ حادثے سے پہلے طیارے کے انجن سے غیر معمولی آوازیں سنائی دے رہی تھیں اور اس کی پرواز غیر متوازن محسوس ہو رہی تھی۔ گرنے کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آگ کا بڑا گولہ اور سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور فائر فائٹرز نے آگ پر جلد قابو پا لیا۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ این ٹی ایس بی کے اہلکار ہفتے کے روز جائے وقوعہ پر پہنچے تاہم ابھی تک کسی حتمی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ ابتدائی طور پر انجن کی خرابی یا کاربوریٹر میں برف جم جانے جیسے امکانات زیرِ غور ہیں لیکن حکام نے کسی بھی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔
حادثے کے بعد کرسٹل ایئرپورٹ کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا تھا تاہم جمعہ کی دوپہر 2 بجے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔ طیارے کا ملبہ ہٹا لیا گیا ہے لیکن جائے حادثہ پر جلی ہوئی زمین اور متاثرہ درخت اب بھی اس افسوسناک واقعے کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








