آئیڈینٹیٹی پاکستان کا لیاری کے نوجوانوں کیلئے انمول تحفہ! طلباء و طالبات کو سکھایا خودشناسی کا فن

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسٹاف)

کراچی کے تاریخی علاقے لیاری کے طلباء و طالبات نے حال ہی میں انشیئیٹ آئیڈینٹیٹی ورکشاپ کامیابی سے مکمل کی جس کا مقصد نوجوانوں میں خودشناسی پیدا کرنا اور انہیں مستقبل میں تعلیمی اور کیریئر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ یہ ورکشاپ آئیڈینٹی پاکستان کی جانب سے کرن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے لیاری کے نجی اور سرکاری اسکولز میں منعقد کی گئی۔

آئیڈینٹیٹی پاکستان کی بانی سلوماز ریگی نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو یہ سمجھانا ہے کہ اپنی صلاحیتوں، ماحول اور موجودہ حالات کو سمجھ کر اپنے لیے بہترین مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوان اپنے اعتماد میں اضافہ کریں گے اور مستقبل کے فیصلے زیادہ شعوری اور مثبت انداز میں کرنے کے قابل ہوں گے۔

ورکشاپ میں مہمان خصوصی کے طور پر سندھ ہائی کورٹ کے وکیل اور سماجی حقوق کے کارکن فہد بلوچ بھی شریک ہوئے۔ فہد بلوچ نے نوجوانوں اور کمزور طبقوں کی تعلیم اور کیریئر میں رہنمائی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے نہ صرف وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی بھی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے تجربات اور سماجی کام کے بارے میں بھی گفتگو کی تاکہ طلباء و طالبات کے لیے ایک قابل تقلید مثال قائم ہو۔

اس موقع پر کرن فاؤنڈیشن کی وائس پرنسپل عابدہ وحید نے بھی اظہار خیال کیا اور پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر سلوماز ریگی نے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور شرکاء نے پروگرام کے لیے شکریہ ادا کیا۔

ورکشاپ کے دوران طلباء و طالبات نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس میں خودشناسی، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتیں اور کیریئر کے مختلف مواقع کے بارے میں عملی تربیت شامل تھی۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں مثبت سوچ پیدا کرنا، ان کے اعتماد کو بڑھانا اور انہیں مستقبل میں تعلیمی و کیریئر کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا تھا۔

ورکشاپ کے ذریعے لیاری کے نوجوانوں میں نئی امید اور حوصلہ پیدا ہوا اور انہیں یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ کس طرح اپنے خوابوں اور اہداف کے حصول کیلئے منصوبہ بندی اور محنت ضروری ہے۔ پروگرام نے نوجوانوں میں خوداعتمادی، رہنمائی اور معاشرتی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

آئیڈینٹیٹی پاکستان کے اس اقدام کو نوجوانوں کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف تعلیمی بلکہ سماجی ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ یہ پروگرام مستقبل میں بھی نوجوانوں کو خودشناسی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔

Related Posts