پاکستان کو امریکا سے تاریخ کی سب سے بڑی خام تیل کی کھیپ موصول

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan Receives Largest-Ever US Crude Oil Shipment
ONLINE

پاکستان کی توانائی کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جب ملک نے پہلی مرتبہ امریکہ سے خام تیل کی سب سے بڑی کھیپ حاصل کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکا سے آنے والا بحری جہاز ایم ٹی پیگاسس ایک ملین بیرل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل لے کر بلوچستان میں واقع سینرجائیکو کے ساحلی آئل ٹرمینل پر لنگر انداز ہونے والا ہے۔

یہ اقدام پاکستان اور امریکہ کے درمیان نئے دو طرفہ تجارتی معاہدے کے تحت خام تیل کی پہلی تجارتی درآمد ہے، جسے توانائی کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

صنعت سے وابستہ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع کو وسعت دے گی بلکہ ملکی ریفائنریوں کے مارجن میں بھی بہتری لائے گی۔

سینرجائیکو کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ آئل ٹینکر 14 ستمبر کو امریکی شہر ہیوسٹن سے روانہ ہوا تھا اور اب بلوچستان کے سنگل پوائنٹ مورنگ ٹرمینل پر پہنچنے کے قریب ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ پاکستان کے لیے امریکی خام تیل کی پہلی باضابطہ درآمد ہے، جو مستقبل میں طویل مدتی تجارتی تعاون کی بنیاد رکھے گی۔

واضح رہے کہ سینرجائیکو نے اس سے قبل 2017 میں بھی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی خام تیل کی کھیپ سنبھال کر قومی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ نومبر کے وسط میں امریکہ سے دوسرا آئل کارگو بھی متوقع ہے جبکہ تیسری کھیپ 2026 میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی تیل کی درآمد سے نہ صرف ملکی تیل کے ذخائر میں استحکام آئے گا بلکہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بھی نئے امکانات جنم لیں گے۔

سینرجائیکو کے ترجمان کے مطابق امریکی خام تیل کی آمد پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

Related Posts