احتیاط نہ کی تو پچھتانا پڑے گا! کراچی میں بارشوں کا نیا طوفانی اسپیل داخل ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی سمیت سندھ میں موسم ایک بار پھر بگڑنے کو تیار ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس سے معمولاتِ زندگی مزید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات سے اٹھنے والا کم دباؤ کا سسٹم تیزی سے بحیرۂ عرب میں داخل ہوچکا ہے جس کے باعث سندھ کے کئی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش نے جہاں موسم کوخوشگوار بنایا وہیں شہریوں کو مشکلات کے بھنور میں بھی دھکیل دیا۔ شہر کے کئی علاقوں میں آسمان گرجا، بادل برسے اور سڑکیں دریا بن گئیں۔

ائیرپورٹ کے اطراف سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ سمیت اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں۔ نتیجتاً ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا اور ہزاروں شہری گھنٹوں گاڑیوں میں پھنسے رہے۔

بارش کے باعث شدید ٹریفک جام کے دوران نہ صرف دفاتر جانے والے افراد کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ایمبولینسز کو بھی راستہ نہ مل سکا جس سے مریضوں کی حالت مزید بگڑ گئی۔

کیا واقعی کراچی میں ٹریفک چالان ایس ایم ایس پر بھیجے جا رہے ہیں؟ حقیقت سامنے آگئی

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال یہی منظرنامہ دہرایا جاتا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے موثر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اگلے 24 گھنٹوں کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے کیونکہ بارش کا یہ سسٹم مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

Related Posts