اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے عید کے بعد میرے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کرنے کی تیاریاں کی ہیں، اب جبکہ عید ختم ہو چکی ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ میرے کردارکشی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سب سے بڑا شریف مافیا ہے، وہ ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ یہ خاندان گزشتہ 35 برس سے کرپشن میں ملوث ہیں۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ شریف خاندان نے عید کے بعد میرے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کرنے کی تیاریاں کی ہیں، اب جبکہ عید ختم ہو چکی ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ میری کردارکشی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، شریف خاندان نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو میرے خلاف مواد تیار کر رہی ہیں۔
مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ اربوں روپے کی چوری کا جواب دینے کے بجائے شریف خاندان اب ان کی کردار کشی پر توجہ دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جمائما کا جرم کیا تھا؟ وہ میری بیوی تھی، اب انہیں فرح خان مل گئی ہے، فرح کا جرم یہ ہے کہ وہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کی قریبی ساتھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان نے مزید تیاریاں کرلی ہیں ایسی ’ویڈیوز‘ بنا لی ہیں جس طرح سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی طرح تھی۔ سابق وزیرا عظم نے مزید کہا کہ یہ مافیا کا انداز ہے، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ قوم یہ سمجھے کہ اگر آپ کسی کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔