راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کو دبانے کیلئے ملک تباہ کیا جارہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ جو کچھ کر رہی ہے، اس سے ملک اور ادارے تباہ ہورہے ہیں۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر اداروں کو تباہ کیاجارہا ہے۔ نواز شریف نے ہم پر الزام لگایا کہ سارا معاشی نظام پی ٹی آئی نے خراب کیا۔ نواز شریف اکنامک سروے آف پاکستان پڑھ لیں۔
غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے ملک پر ساڑھے 19ارب ڈالرز کا خسارہ چھوڑا، اس لیے پی ٹی آئی حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ عاطف اور جنید خان اینٹی کرپشن معاملے پر کمیٹی سے ملاقات کرلیں، معاملہ عوام کے سامنے نہ رکھیں۔
گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ اب یہ کہا جارہا ہے کہ فیض حمید نے 9 مئی کی سازش کی، ایسا نہیں ہے بلکہ سازش پی ٹی آئی کے خلاف ہوئی جو یہ تھی کہ جنرل (ر) باجوہ نے جنرل (ر) فیض حمید کو ہٹا دیا۔ دوسری سازش حسین حقانی کا 35ہزار ڈالرز میں ہائر کیا جانا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت میں جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو 35 ہزار ڈالرز میں لابنگ کیلئے ہائر کیا جس کے بعد ڈونلڈ لو کا معاملہ آیا اور حکومت گر گئی۔ تیسری سازش یہ تھی کہ چیف جسٹس کو انکوائری کا کہا لیکن انکوائری کی بجائے ہم پر سائفر کیس ہوگیا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے خلاف جو 9 مئی کی سازش ہے، یہ کیس 1 گھنٹے میں ختم ہوسکتا ہے۔ یہ پتہ کروائیں کہ میری گرفتاری کا حکم کس نے دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائیں۔ ہم 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کروانا چاہتے ہیں لیکن اسٹیبلشمنٹ نہیں کرنے دے رہی۔
عمران خان نے کہا کہ چوتھی سازش 8فروری کا الیکشن تھا جس میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا۔ ہم الیکشن چوری کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ ملک میں سب کچھ یکطرفہ جاری ہے۔ سب کچھ چیف جسٹس کی مدتِ ملازمت میں توسیع اور 2 تہائی اکثریت پانے کیلئے کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








