راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر سازش کے تحت منظم طریقے سے قاتلانہ حملہ کیا گیا۔
لال حویلی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان پر سازش کے تحت منظم طریقے سے قاتلانہ حملہ کیا گیا، یہ صرف عمران خان پر حملہ نہیں بلکہ بائیس کروڑ لوگوں پر حملہ ہے، میں عمران خان سے درخواست کرتا ہوں کہ براہ راست راولپنڈی تشریف لائیں اور ان چوروں کا جنازہ نکال دیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں اس وقت صرف ایک ہی غنڈہ ہے جو ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، ان کی کوشش ہے کہ فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمی پیدا ہوجائےلیکن ہم یہ ہونے نہیں دینگے۔
عمران خان پر حملہ، پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا
قبل ازیں ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ غیر ملکی اور مقامی سازش ہے۔ایک ملزم سے فوری بیان دلوانا اور باقیوں کو فرار کروانا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان پرحملہ کرنے والے ایک سے زیادہ اور منظم سازش کے آلہ کار تھے۔ اگر عمران خان کو کچھ ہوجاتا تو پاکستان ہی نہیں خطے کی سیاست بھی بدل جاتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








