کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی دوسروں سے رسیدوں کا مطالبہ کرتے تھے، لیکن ان کی اپنی رسیدیں جعلی ثابت ہوئیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور سندھ کے وزیرناصر حسین شاہ نے پیر کو کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے قومی خزانے کو 50 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
احسن اقبال نے سوال کیا: “یہ کیسے ممکن ہے کہ وزیرِاعظم کو اپنے محافظوں سے کم قیمت کا تحفہ ملے؟ یہ انصاف نہیں بلکہ تحریکِ انصاف ہے۔”
انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر کو وزیرِاعظم شہباز شریف نے اُڑان پاکستان پروگرام کا آغاز کیا جو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہے۔ اس پروگرام کے اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، سیاستدان نہیں۔
احسن اقبال نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ مزید برآں، سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے وفاق اپنی مدد جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی، صنعت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں جدیدیت اپنانا ہوگی۔ ٹیکنالوجی میں ترقی ابھرتی ہوئی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
کراچی کی فضاؤں میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی انٹری، کیا معاملات طے پاگئے؟
وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اتحادیوں میں اختلافات ہوسکتے ہیں، لیکن قومی مفاد کے لیے دونوں جماعتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مسائل کے حل کے لیے وزیر خزانہ نے این ایف سی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








