سری نگر: بھارت کے یومِ آزادی کے موقعے پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیری یومِ سیاہ آج منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعلیمی ادارے، دکانیں، کاروباری مراکز اور دفاتر بند رہیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہوگئی۔ وادی بھر میں مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں ہوں گی۔
احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کے دوران دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارت کے ظلم و ستم، بھارتی فوجیوں کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور قتل و غارت جیسے انسانیت سوز مظالم کی بھرپور مذمت کی جائے گی۔
بھارت کے یومِ آزادی کے موقعے پر یومِ سیاہ منانے کا مقصد بھارت کی نریندر مودی حکومت کے مظالم اور انسانیت سوز جبر و ستم کو بے نقاب کرنا ہے۔ اس کا مقصد بھارت کی غیر قانونی حکومت سے نجات حاصل کرنا اور کشمیریوں کیلئے آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد بھی ہے۔
ہر سال آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر آزادئ کشمیر کے حامی تمام رہنما اور تنظیمیں لبیک کہتی ہیں۔ یومِ سیاہ کے موقعے پر مقبوضہ وادی کے تمام علاقوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جاتے ہیں جس کا مقصد اقوامِ عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








