لاہور: پنجاب اسمبلی میں تحریکِ انصاف کے پارلیمانی لیڈر حافظ فرحت عباس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر استعفے کی تصدیق کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس نے کہا کہ میری ضمانتیں 9 مئی کے مقدمات میں خارج کردی گئیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ایسے حالات کے تحت میں پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے انصاف نہیں کرسکتا۔
ٹوئٹر پیغام میں حافظ فرحت عباس نے کہا کہ میں اپنے عہدے کی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرسکوں گا۔ اس لیے میں نے اپنا استعفیٰ پی ٹی آئی کو پیش کردیا ہے اور اپنے لیڈر و سابق وزیراعظم عمران خان سے اس ذمے داری سے مستعفی ہونے کی اجازت مانگی ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان اوررہنماؤں کی بڑی تعداد مقدمات اور گرفتاریاں بھگت رہی ہے اور یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔حافظ فرحت عباس نے کہا کہ میں بحیثیت رکنِ پنجاب اسمبلی اور کارکن اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








