بالی ووڈ کے معروف اداکار اور بھارتی کامیڈین راج پال یادو چیک باؤنس کیس میں گرفتار ہوگئے ہیں۔ اداکار نے پولیس کے سامنے خود سرینڈر کیا۔
تفصیلات کے مطابق راج پال یادو چیک باؤنس کیس میں تصفیہ کی رقم بر وقت ادا نہ کرسکے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راج پال یادو ادائیگی نہ کرنے کے باعث مشکل کا شکار ہوئے ہیں۔ ہائیکورٹ نے راج پال یادو کے خلاف حکم جاری کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی ہائیکورٹ نے راج پال یادو کے خلاف چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات میں دی گئی نرمی واپس لے لی۔ عدالت نے ملزم کو حکم دیا کہ 4 فروری تک جیل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے سرینڈر کریں اور گرفتاری دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راج پال یادو نے عدالت کی ڈیڈ لائن کی تکمیل پر بھارت کی تہاڑ جیل میں گرفتاری دے دی۔ اداکار نے جمعرات کی شام 4 بجے تہاڑ جیل حکام کے سامنے سرینڈر کردیا۔
یہ اقدام دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے دائر کردہ چیک باؤنس کیس میں عدالت کی جانب سے ریلیف کے انکار کے بعد سامنے آیا۔ عدالت نے راج پال یادو کو 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کیلئے 1 ہفتے کا وقت دینے سے انکار کردیا تھا۔
چیک باؤنس کیس کیا ہے؟
دراصل راجپال یادو اور اہلیہ کے خلاف 2018 میں دہلی کی ایک عدالت نے چیک باؤنس ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے راجپال یادو کو قصور وار قرار دیا اور 6ماہ قید کی سزا دی تھی۔ اگلے سال 2019 میں سیشن کورٹ نے بھی یہ سزا برقرار رکھی تھی جس پر راجپال یادو نے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
وکیل کے مطابق راجپال یادو نے فنانسر سے رقم لے کر فلم بنائی تھی جو باکس آفس پر ناکام رہی اور اداکار مالی بحران میں گھر گئے۔ ہائیکورٹ نے دوسرے فریق کے ساتھ معاملہ از خود حل کرنے کیلئے مخلصانہ کوشش کی شرط عائد کرتے ہوئے جون 2024 میں راجپال کی سزا عارضی طور پر معطل کردی تھی۔
رواں برس 2فروری کو عدالت نے راجپال یادو کو مزید مہلت دینے سے انکار کردیا کیونکہ اداکار اپنا یہ وعدہ پورا نہیں کر سکے کہ وہ 7 مختلف کیسز میں 1کروڑ 35لاکھ روپے کی رقم فی کس ادا کردیں گے۔ عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی اور ادائیگی میں ناکامی راجپال یادو کی گرفتاری کا باعث بن گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








