بھارتی حدود میں پاکستانی ڈرون کی دراندازی کے دعوے، کیا نیا فالس فلیگ آپریشن قریب ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستانی ڈرون
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ڈرون نے بھارتی حدود میں نہ صرف 5منٹ تک دراندازی کی بلکہ دھماکہ خیز ڈیوائس اور منشیات گرا کر واپس چلا گیا، جبکہ پہلگام آپریشن کے بعد سے مسلسل پاکستان پر اس قسم کے دیگر الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پاکستانی ڈرون کی جانب سے بھارتی حدود میں دراندازی کا سنگین واقعہ پیش آیا۔تشویشناک طور پر جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے کو بھارتی میڈیا نے بھارتی حدود قرار دے لیا، جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرون پونچھ کے علاقے کھڈی کرمڑا  میں نام نہاد بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا اور تقریباً پانچ منٹ سے زائد وقت تک موجود رہا، جس کے بعد واپس پاکستانی حدود میں چلا گیا۔اسی دوران اس ڈرون نے ایک مشتبہ پیکٹ گرایا جس میں آئی ای ڈی اور منشیات شامل تھیں۔

واقعے کے بعد بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے متعلقہ علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا تاہم بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی ڈرون اور سرحدی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے بلااشتعال حملوں کے الزامات نئے نہیں ہیں۔ گزشتہ سال کے دوران بھی پہلگام میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکستان کے ملوث ہونے کا سنگین الزام جھوٹا نکلا تھا۔

Related Posts