چترال: پاکستان کی فضائی حدود میں بھارتی وزیراعظم کا طیارہ ایک بار پھر داخل ہوگیا۔ نریندر مودی نے کواڈ اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت واپس پہنچنے کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ امریکا سے واپسی پر 5 بج کر 45 منٹ پر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا اور پھر 46 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود استعمال کیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کا طیارہ چترال سے لاہور تک کا سفر طے کرنے کے بعد لاہور سے بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔ آج سے 3 روز قبل بھی بھارتی وزیراعظم پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے امریکا پہنچے تھے اور کواڈ سربراہی اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔
کواڈ کیا ہے؟
بھارت، امریکا، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل 4 ممالک کی عالمی تنظیم کواڈریلیٹرل سکیورٹی ڈائیلاگ اور مختصراً کواڈ کہلاتی ہے جو باہمی اسٹرٹیجک اور سکیورٹی تعاون پر مبنی ہے لیکن چین کا ماننا ہے کہ امریکا دراصل کواڈ کے ذریعے خطے میں اپنا اثر رسوخ قائم کرنا چاہتا ہے۔
آج سے کئی سال قبل 2007 میں بننے والی کواڈ کی یہ عالمی تنظیم جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے اعظم کے ساتھ ساتھ امریکی نائب صدر ڈک چینی نے شروع کی تھی اور چاروں ممالک نے باہمی عسکری مشقوں کا آغاز بھی کردیا، بھارتی وزیراعظم اسی تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرکے آج واپس روانہ ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








