بھارت کی دہشت گردی کی مالی اعانت

تازہ ترین

تازہ ترین

گذشتہ ہفتے لاہور کے جوہر ٹاؤن میں ہونیوالے دھماکے میں روابط ثابت ہونے کے بعد بھارت کے مذموم عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں برقرار رکھنے پر خوشی منائی لیکن بھارت خود دہشت گردی کی مالی اعانت اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تیزی سے پورے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا جس میں واضح طور پر “ہندوستان کے زیر اہتمام دہشت گردی” کی نشاندہی کی گئی تھی۔ قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف کاکہنا ہے کہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ را سے منسلک ایک ہندوستانی شہری تھا۔ جعلی شناخت ، نام اور مقامات سمیت تمام شواہد میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں بھارت ملوث تھا۔

بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کے بعد تحقیقات روکنے اورخودکو بچانے کیلئے غلط معلومات پھیلانے کیلئے سائبر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تاہم یہاں بھی بھارت کو سبکی ہوئی۔مقبوضہ کشمیر میں ایک بھارتی فضائیہ کے اڈے پر ڈرون حملے کی من گھڑت رپورٹ کے بعد بھارت نے اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔اس واقعے کو پاکستان کے خلاف بلا روک ٹوک مہم جاری کرنے کے لئے بھی استعمال کیا گیا جوبھارت حکومت اور اس کے غیرذمہ دار میڈیا کی خصوصیت ہے۔

پاکستان نے گذشتہ سال اقوام متحدہ اور دیگر عالمی رہنماؤں کو بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے ایک ڈوزیئر پیش کیا تھااس کے باوجود بھارت نے پاکستان میں ایک دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنایاجس میں تین بے گناہ پاکستانیوں کی جانیں لی گئیں اور درجنوں لوگ زخمی ہوئے۔

دنیا بھارت کو جوابدہ بنانے میں ناکام رہی اور اب ہم دہشت گردی کا ایک اور واقعہ دیکھ چکے ہیں۔ ضروری ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو اقوام عالم کے سامنے لائے اور بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرے جبکہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے واقعے میں بھارتی ملوث ہونے کے بارے میں شواہد کا نوٹس لینا چاہئے۔

پاکستان نے دہشت گردی کی مالی اعانت اور منی لانڈرنگ سے متعلق قانون سازی کی ہے یہاں تک کہ ایف اے ٹی ایف کے ذریعہ ایکشن پلان مکمل کیا۔دوسری طرف بھارت میں یورینیم کی فروخت کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی جو آسانی سے دہشت گردوں کے ہاتھوں میں آسکتی ہے۔پاکستان کو اپنی کوششیں تیز کرنے اور دنیا کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ دنیا بھارت کی تخریبی کارروائیوں پر نظر رکھے اور بھارت کو جوابدہ بنائے۔

Related Posts