بھارت کی بنگالی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار راہول ارونوڈے بینر جی شوٹنگ کے دوران سمندر میں حادثاتی طور پر ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ واقعے کے نتیجے میں فلم انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ساتھی فنکاروں نے اداکار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ساحلی علاقے تیلسری بیچ پر پیش آیا جہاں راہول ارونوڈے ایک ٹی وی پراجیکٹ کی شوٹنگ کیلئے پہنچے تھے۔ شوٹنگ کی تکمیل کے بعد اداکار ساحل کے قریب پہنچے تو اچانک سمندر میں تیز لہریں اٹھنے لگیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ ایک زوردارلہر آنے پر راہول ارونوڈے کا پاؤں ریت میں پھنس گیا۔ وہ خود کو سنبھال نہ سکے اور پانی میں بہہ گئے۔ موقعے پر موجود عملے نے فوری طور پر اداکار کو نکالنے کی کوشش کی اور کچھ ہی دیر بعد ریسکیو کرلیا، تاہم ان کی حالت تشویشناک تھی۔
فوری طور پر ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد بھی راہول ارونوڈے کی جان نہ بچائی جاسکی۔ ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اداکار کی موت کی تصدیق کردی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق راہول ارونوڈے کا انتقال حادثاتی طور پر ڈوبنے کے باعث ہوا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام تر پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








