انسپکٹر رانا اکرام طلب! قصور کی انمول بلوچ عرف پنکی کی لاہور منتقلی؟ مریم نواز متحرک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار خاتون انمول عرف پنکی کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق اعلیٰ پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ کیس کی تحقیقات میں مزید اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے بھی انمول عرف پنکی کے مبینہ منشیات نیٹ ورک کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ملزمہ کے مبینہ شوہر اور سابق پولیس انسپکٹر رانا اکرام کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سی سی ڈی حکام سابق انسپکٹر رانا اکرام سے کیس کے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کریں گے تاکہ نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں درج مقدمے کے سلسلے میں انمول عرف پنکی کو کراچی سے لاہور منتقل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ کوٹ لکھپت تھانے میں درج مقدمے میں ملزمہ پنکی کو اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا جس پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا جبکہ گزشتہ روز اس کے بھائی کے خلاف لاہور میں درج مقدمے کی تفصیلات بھی سامنے آئی تھیں۔

لاہور پولیس کے مطابق 2022 میں شاداب کالونی کے علاقے میں ایک لگژری گاڑی سے ملزم ریاض بلوچ مبینہ طور پر منشیات فراہم کرنے کے لیے اترا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تاہم اس کے ساتھ موجود اس کی بہن انمول عرف پنکی گاڑی بھگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاض بلوچ کے خلاف 7 جنوری 2022 کو لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ اب اس کیس کے مختلف پہلوؤں کو دوبارہ کھنگالا جا رہا ہے۔

Related Posts