کراچی :نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ کی چیئرپرسن ہما بخاری نے کہا ہے کہ نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ اور شمسی ٹینس اکیڈمی کے اشتراک سے پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لئے تعلیمی اداروں کے کھلتے ہی انٹر کراچی ٹینس ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، کراچی اسپورٹس فائونڈیشن بھی اس ضمن میں بھرپور تعاون کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ اور شمسی ٹینس اکیڈمی کے مابین معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر شمسی ٹینس اکیڈمی کے چیئرمین خالد جمیل شمسی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس کے کھلاڑی نمیر شمسی، سمیر شمسی کراچی اسپورٹس فائونڈیشن کے وسیم، آصف عظیم، ثمینہ آصف اسپورٹس کی معروف شخصیت غلام محمد، زیرک فاطمہ بخاری، نادر رئیس خان بھی موجود تھے۔
ہما بخاری نےمزید کہا کہ ہمارے اسپورٹس کے شعبے کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے حالانکہ اس شعبے کو سرپرستی کی ضرورت ہے نوجوان نسل بالخصوص طلبا کو اس جانب راغب کرنا وقت کا تقاضا ہے۔
نمیر شمسی کا نام ٹینس کی دنیا میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اسی طرح وسیم ہاشمی کا نام سید فائونڈیشن کے حوالے سے کورنیو گرام، جوڈو کراٹے کے فروغ میں نمایاں خدمات کے حامل ہیں۔ آصف عظیم کرکٹ کے حوالے سے بڑا نام ہے ان کی اہلیہ ثمینہ آصف بھی اسپورٹس کے فروغ میں نمایاں خدمات کی حامل ہیں۔ خالد جمیل شمسی کی اسپورٹس کے فروغ بالخصوص ٹینس، باسکٹ بال اور کراچی میراتھن کے انعقاد میں پیش پیش رہے ہیں۔
ہما بخاری نے کہا کہ ہم شہر کراچی میں 500پودے لگا کر شجرکاری کی مہم کا حصہ بنیں گے ہماری اپیل ہے کہ کھلاڑی، فنکار، ادیب، شاعر، سماجی و سیاسی کارکن دو دو پورے اپنے عزیز و اقارب کے نام سے موسوم کرکے لگائیں اور اس کی حفاظت کریں گے تو شہر سے جلد آلودگی ختم ہو جائے گی۔
شمسی ٹینس اکیڈمی کے روح رواں خالد جمیل شمسی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنی چاہئے بالخصوص وہ طلبا جو بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لیتے ہیں انہیں امتحان دینے کے سلسلے میں تعاون کرنا چاہئے ہمیں اس ضمن میں ایچ ای سی کے ذمہ داران کی توجہ مبذول کرانے کی ضرورت ہے کہ وہ بین لاقوامی ٹورنامنٹ میں ملک کا نام روشن کرنے والے طلبا کے امتحانات ان کی اسپورٹس سرگرمیوں کی مناسبت سے کریں۔
خالد شمسی نے بتایا کہ ان کے بیٹے نمیر شمسی کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے بہت مشکلات پیش آئیں جبکہ امریکہ میں وہاں کے تعلیمی اداروں نے اسپورٹس سے وابستہ طلبا کو بہت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ہمیں بھی پاکستان میں تعلیمی درسگاہوں کے سربراہوں کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ وسیم ہاشمی نے کہا کہ اسپورٹس فائونڈیشن کا سفر جاری ہے سندھ اسپورٹس کی29 تنظیمیں ممبر بن چکی ہیں۔
آصف عظیم نے کہا کہ نیوپورٹس کےحوالے سے کھلاڑیوں کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ اچھا کھلاڑی اگر ماحول فراہم کیا جائے تو اچھا طالب علم بھی بن سکتا ہے۔شمسی ٹینس اکیڈمی کے نمیر شمسی نے کہا کہ ہم انٹریونیورسٹی انٹر کالج اور اسکولوں کی سطح پر بھی ٹینس کے فروغ کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کریں گے اور اچھے کھلاڑیوں کی تعلیمی میدان میں سرپرستی کرتے رہیں گے اور ملک میں اچھے کھلاڑی پیدا کرتے رہیں گے۔
طلبا کو ایتھلیٹ اسٹوڈنٹس کا درجہ دیا جائے گا اور ان کے کھیلوں کے مقابلے کی مناسبت سے امتحانات لئے جاسکیں گے۔ غلام محمد نے کہا کہ نمیر شمسی کا نام ومبلڈن کے حوالے سے بڑا نام ہے۔
مزید پڑھیں:ٹینس کھلاڑی سارہ محبوب خان اور کوچ محبوب خان کورونا میں مبتلا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








