طور خم بارڈر: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خطے میں تبدیلی آرہی ہے۔ افغانستان کی ترقی اصل میں ہماری ترقی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس ائی اگر افغانستان کا دورہ کررہے ہیں تو انڈیا میڈیا کس منہ سے پروپیگنڈا کررہا ہے۔
طور خم بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج مستونگ میں خودکش دھماکہ ہوا ہے۔ خود کش دھماکے میں 3 جوان شہید جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب جوانوں کی شفٹ تبدیل ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے میں کون کون ملوث ہے تحقیقات کے بعد سب سامنے آجائے گا۔ دہشتگردوں کو ہماری قوم اور فوج نے مل کر کچل کر رکھ دیا ہے۔ توقع کرتے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت خطے میں تبدیلی آرہی ہے۔ افغانستان کی ترقی ہماری ترقی ہے۔ یہ خطہ اہمیت اختیار کرنےوالا ہے ممکن ہے ایک نیا بلاک بننے والا ہو۔ افغانستان میں بھارت کو دنیا کی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دنیا کو افغانستان کے مسائل کو سنجیدگی سے سمجھنا ہوگا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ طالبان افغانستان پر اتنی جلدی کنٹرول حاصل کرلیں گے۔ چار ہزار لوگ افغانستان سے پاکستان آئے ہیں اور اس سے زیادہ لوگ افغانستان گئے ہیں۔ ایک بھی نیا افغان مہاجر پاکستان میں موجود نہیں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے افغانستان میں 60 ٹریننگ کیمپ لگائے ، این ڈی ایس کو ٹریننگ دی ۔ کابل سے واپسی پر بھارتیوں کے منہ لٹکے ہوئے تھے انہیں ذلت و رسوائی اٹھانا پڑی۔ افغانستان نے خطے کی سیاست کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے طور خم بارڈر کی کئی سال پرانی ویڈیو وائرل کی ہے۔ طور خم بارڈر پر کوئی مہاجرین کا کیمپ نہیں لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے افغانستان سے 10 ہزار لوگوں کو انخلا میں مدد فراہم کی ہے۔ پاک افغان بارڈر پر 92 فیصد حصے پر باڑ لگائی جاچکی ہے۔ ایران سرحد پر 84 فیصد باڑ لگانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
طور خم بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انڈیا میڈیا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس آئی اگر افغانستان گئے تو انڈیا کو کیا تکلیف ہے ۔ ہمارے ذمے داروں نے افغان طالبان سے ٹی ٹی پی کے بارے میں ضرور بات کی ہو گی۔
حریت رہنما علی گیلانی کی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کے جنازے کی تضحیک قابل مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موجودہ صورتحال میں ہٹلر سے متاثر شخص مودی کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








