کراچی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند، کون کون سے علاقے متاثر؟

تازہ ترین

تازہ ترین

انٹرنیٹ
(فوٹو: جیو نیوز)

کراچی میں آج حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سمیت دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کے موقعے پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آج چہلم امام حسین کے موقعے پر جلسے جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بند کردئیے گئے جن میں صدر، کلفٹن اور ڈیفنس شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، نیو کراچی اور اطراف کے علاقوں میں بھی موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔ لیاقت آباد، انچولی، گلبہار اور ناظم آباد کے علاقے بھی موبائل فون نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ کی بندش سے متاثر ہو گئے ہیں۔

شہرِ قائد کے علاقے گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور قائد آباد میں بھی انٹرنیٹ سروس بند ہے۔ حکومت کی جانب سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس صبح 8 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں بھی آج انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہیں۔ چہلم کے موقعے پر سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر یہ اقدام اٹھایا گیا۔

Related Posts