اسلام آباد کے بعد پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ بھی ملتوی

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور جلسہ
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 اگست کو جلسہ ملتوی ہوجانے کے بعد پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ تحریکِ انصاف نے 27اگست کو جلسے کا فیصلہ کیا تھا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے 27 اگست کو لاہور میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی تمام تر توجہ 8 ستمبر کے اسلام آباد جلسے پر مرکوز رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے بعد کیے جانے کی توقع ہے۔ شوکت بسرا کے بیان سے قبل اسلام آباد میں تحریکِ انصاف نے 22 اگست کا جلسہ ملتوی کردیا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بیان بھی جاری کیا تھا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے کا این او سی منسوخ کردیا تھا، اس کے باوجود پی ٹی آئی قیادت جلسہ کرنے پر بضد تھی، تاہم ایک مشکوک بیگ برآمد ہونے کے بعد اسلام آباد میں ریڈ زون سیل کردیا گیا۔ انتظامیہ نے شہرِ اقتدار کے نجی و سرکاری اسکولز میں بھی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

جلسہ منسوخی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آسف نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کی پیشکش کی۔ صبح 7 بجے عمران خان سے ملاقات کی سہولت کاری اسی لیے کی گئی۔ جلسہ منسوخ کرنے کی بات پر انتظامیہ کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔

Related Posts