واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے امریکی فوج کو لے ڈوبے، حالیہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران امریکی فضائیہ کو ہونے والے نقصانات کی ابتدائی تفصیل سامنے آگئی، ایران جنگ میں امریکا کو اب تک پہنچنے والے نقصان کا مالی تخمینہ 2 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران میں جاری آپریشن ایپک فیوری کے دوران ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکا کے متعدد طیارے تباہ ہو گئے، امریکی حکام کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران 4 ایف 15 ای اسٹرائیک ایگل طیارے تباہ ہوئے جن میں سے ایک ایران پر گرایا گیا تھا جبکہ 3 کویت میں فرینڈلی فائر کا نشانہ بن گئے۔
ایران کے خلاف جاری فضائی جنگ میں امریکی فوج کے دیگر اہم طیاروں نے بھی شدید نقصان اٹھایا، ایرانی فوج نے ایک اے 10 وارتھوگ طیارہ اس وقت مار گرایا، جب وہ امدادی کارروائی میں مصروف دستوں کو فضائی تحفظ کی فراہمی میں مصروف تھا۔
امریکی جدید اور مہنگے ترین طیارے ایف 35 کو بھی ایرانی میزائل کی زد میں آنے کے نتیجے میں بری طرح نقصان پہنچا جبکہ سعودی عرب کے پرنس سلطان ائیر بیس پر بھی ایران نے بڑا نقصان پہنچایا جہاں ایک امریکی ای تھری سینٹری طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جو فضائی نگرانی کیلئے استعمال کیاجارہا تھا۔
اس کے عالوہ دو کے سی 135 ٹینکر طیارے گر کر تباہ ہوگئے جبکہ 6 مزید ٹینکرز نے عراق اور سعودی عرب میں مختلف واقعات کے نتیجے میں نقصان اٹھایا۔ اعدادوشمار کے مطابق 28فروری سے جاری جنگ میں امریکا اپنے 17 ایم کیو 9ریپر ڈرونز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔
عراق اور ایران میں فوجی اڈوں پر حملوں اور امدادی مشن کے دوران 3 ایچ ایچ 60 ہیلی کاپٹرز کو بھی مبینہ طور پر نقصان پہنچا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ امریکی فوج کو حالیہ تاریخ میں پہنچنے والا یہ سب سے بڑا دھچکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








