جنگ کے خاتمے کا مشن: ایران نے نیا مذاکراتی منصوبہ پاکستان کے ذریعے امریکا تک پہنچا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: اے پی پی)

اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران نے ایک نیا مذاکراتی خاکہ پاکستان کے ذریعے امریکا کو بھجوا دیا ہے، تاہم اس پیش رفت کا انحصار مکمل طور پر امریکی طرزِ عمل پر ہوگا۔

ایک ایرانی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں رضا امیری مقدم نے وضاحت کی کہ ایران اپنے مؤقف اور مطالبات کے حوالے سے واضح اور دوٹوک پالیسی رکھتا ہے، اور اگر امریکا واقعی سنجیدگی کے ساتھ بات چیت چاہتا ہے تو اسے اپنے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور دفاعی حکمتِ عملی پر کسی بھی صورت سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔جنگ کے خاتمے کی غرض سے تیار کیا گیا یہ نیا سفارتی منصوبہ پاکستان کے ذریعے امریکا تک پہنچایا گیا ہے، جبکہ موجودہ صورت حال میں پاکستان ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

رضا امیری مقدم نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کردار میں کسی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ عالمی برادری ایران کے مؤقف کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، جبکہ امریکا کے رویے کو غیر یقینی اور غیر مستحکم قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سفارت کاری کے راستے  پر قائم ہے، تاہم مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار امریکا کے رویے پر ہے۔پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، معاشی اور تجارتی روابط میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ  پاکستان خطے میں تجارتی تنوع کو فروغ دینے اور ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

Related Posts