کراچی: سینڈز پٹ پر پکنک، نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، لاش منوڑہ سے برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

نوجوان
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ پکنک منانے کیلئے سینڈز پٹ آنے والا ایک نوجوان سمندر میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔ نہاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے اس نوجوان کی لاش منوڑہ سے برآمد کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ماڑی پور تھانے کی حدود میں منوڑہ قبرستان کے عقب سے سمندر میں ایک نوجوان کی لاش ملی۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 23 سالہ عامر، ولد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی کا رہائشی تھا اور اہل خانہ کے ساتھ پکنک پر گیا ہوا تھا۔

ایس ایچ او ماڑی پور اسلم خان کے مطابق نوجوان ہفتے کے روز اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سینڈز پٹ پر گیا تھا، جہاں نہاتے ہوئے وہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔ اہل خانہ نے رات گئے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔

اتوار کے روز ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے منوڑہ قبرستان کے عقب سے اس کی لاش سمندر سے نکالی۔ بعد ازاں پولیس نے ضروری کارروائی مکمل کرکے لاش ورثا کے حوالے کردی۔

Related Posts