کراچی: مختلف علاقوں میں 9 دن سے پانی کی فراہمی بند، عوام بوند بوند کو ترس گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی
(فوٹو: ڈان)

کراچی میں پانی کا بحران مسلسل شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور شہر کے مختلف حصوں میں گزشتہ 9 روز سے پانی کی فراہمی مبینہ طور پر معطل ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ شہری روزمرہ ضروریات کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور پانی کی قلت نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی کا مسئلہ اس وقت انتہائی سنگین شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں متعدد علاقوں میں 25 اپریل سے سپلائی بند ہے۔ 27 اپریل کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث پورا واٹر سسٹم درہم برہم ہو گیا، جس کے نتیجے میں تین مرکزی لائنیں متاثر ہوئیں۔ ان میں سے دو لائنوں کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے.

تاہم لائن نمبر 2 کی بحالی کا کام ابھی تک جاری ہے، جس کی وجہ سے کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا، محمود آباد، منظور کالونی، کورنگی کراسنگ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت کئی علاقے بدستور پانی سے محروم ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں عام لائنوں کے ذریعے پانی کی ترسیل معطل ہے، تاہم سرکاری ہائیڈرنٹس پر کسی قسم کی بندش نہیں کی گئی۔ اسی فرق کی وجہ سے شہریوں میں شدید غصہ اور تشویش پائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن کے مقابلے میں 610 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ صرف 40 ملین گیلن کی کمی درپیش ہے۔

واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق پی آر سی سی لائن کی مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق کورنگی، ملیر، چنیسر، جناح، صدر، کلفٹن اور ڈی ایچ اے سمیت مختلف علاقوں میں سپلائی دوبارہ شروع ہو رہی ہے اور مجموعی صورتحال میں بتدریج بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

Related Posts