پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹینس اسٹار محمد شعیب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 سال پر محیط انتظار کا خاتمہ کردیا اور آئی ٹی ایف فیوچرز ٹائٹل پاکستان کے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں انہوں نے مشکل اور سنسنی خیز میچ کے بعد روس کے کھلاڑی نکیتا ایانن کو شکست دی۔ اس مقابلے میں محمد شعیب خان نے 6-7، 6-4 اور 2-6 کے اسکور سے فتح حاصل کرتے ہوئے قومی ٹینس کی تاریخ میں سنہری باب رقم کردیا۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی تاریخی قرار دی جا رہی ہے کہ گزشتہ 20 برسوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی آئی ٹی ایف فیوچرز کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس بڑی کامیابی پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق اور سیکرٹری کرنل ضیا طفیل نے محمد شعیب خان کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔
اختتامی تقریب میں سویڈن کے سفیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ملک میں ٹینس کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔
صدر ٹینس فیڈریشن نے کہا کہ محمد شعیب خان نے اپنی محنت اور لگن سے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کامیابی کے بعد پاکستان میں ٹینس کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








