محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود کم دباؤ کا نظام اب ڈپریشن کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ یہ نظام کراچی سے تقریباً 440 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے اور اس کے باعث کراچی کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے چوتھا ایڈوائزری جاری کیا ہے۔
تازہ ترین معلومات کے مطابق یہ ڈپریشن 21.0 نارتھ ایٹی ٹیوڈ اور 67.9 ایسٹ لانجی ٹیوڈ پر ہے اور بحیرہ عرب میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے اثرات سے سندھ کے ساحلی اضلاع میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

متوقع موسم
محکمہ موسمیات کے مطابق آج تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان اور کراچی سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور بجلی کی چمک متوقع ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر مستحکم موسم کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تیز ہواؤں اور سمندری خطرات
سندھ کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سمندر میں بلند لہریں اٹھیں گی جس سے حالات چھوٹی کشتیوں اور ماہی گیروں کلئے خطرناک ہوسکتے ہیں۔ ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک گہرے پانی میں جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
حکومتی اقدامات
ساحلی اور بندرگاہ کے حکام ہائی الرٹ پر ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فی الحال یہ نظام ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل نہیں ہوا لیکن حکام اس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر یہ مزید شدت اختیار کرتا ہے تو مزید اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








