دنیا بھر میں آج یہودی اپنے مذہب کے سب سے مقدس دن یومِ کِپور(Day of Atonement) کو مذہبی جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ یہ دن ہر سال عبرانی کیلنڈر کے مہینے تشری کی دسویں تاریخ کو آتا ہے جو اس بار اکتوبر کے آغاز میں پڑا ہے۔
یومِ کِپور کو کفارہ اور توبہ کا دن کہا جاتا ہے۔ یہ دن خاص طور پر عبادت، خود احتسابی اور رب سے معافی مانگنے کے لیے وقف ہوتا ہے۔ اس موقع پر لاکھوں یہودی تقریباً 25 گھنٹے کا طویل روزہ رکھتے ہیں جوغروبِ آفتاب سے شروع ہوکر اگلے دن سورج کے غروب ہونے پر افطار کے ساتھ ختم ہوتا ہے۔

روزے کے دوران کھانے پینے، ازدواجی تعلقات اورتمام دنیاوی سرگرمیوں سے پرہیز کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر یہودی اس دن کا وقت شُول (عبادت گاہ) میں گزار دیتے ہیں جہاں وہ اجتماعی دعاؤں، توبہ، تورات کی تلاوت اور مخصوص عبادات میں مصروف رہتے ہیں۔

یومِ کِپور کی شام کو کول نِیدرے نامی مشہور دعا تلاوت کی جاتی ہے جو اس دن کی روحانی فضا کو مزید گہرا کر دیتی ہے۔ صبح کے وقت پورا دن عبادات میں گزرتا ہے اور اس دوران وہ افراد بھی یاد کیے جاتے ہیں جو دنیا سے رخصت ہو چکے ہوں ان کیلئے خصوصی دعا کادش پڑھی جاتی ہے۔

یہ دن نہ صرف مذہبی لحاظ سے بلکہ معاشرتی اعتبار سے بھی اہم مانا جاتا ہے کیونکہ اس موقع پر لوگ ایک دوسرے سے معافی مانگ کر تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

یومِ کِپور یہودی کیلئے توبہ، نیکی کے ارادے اور روحانی پاکیزگی کا دن ہے جسے آج پوری دنیا میں عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








