اسرائیل پر جنگ کے سائے منڈلانے لگے جس کے باعث دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے وہاں حملے کے خدشے کے پیش نظر پروازیں منسوخ کردیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
اسرائیل کے تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں، اسرائیل کی کارروائی سے خوفزدہ یونائٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا نے اسرائیل کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔
وہیں جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانسا نے بھی تل ابیب کیلئے فلائٹ آپریشن روک دیا ہے، اس کے علاوہ سوئس، برٹش ایئرلائنز، آسٹرین ایئرلائنز اور ایئرانڈیا کی اسرائیل جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
یہ منسوخی سفارت کاروں کے ان خدشات پر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صہیونی حملوں کے بعد علاقائی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ دنوں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایران نے اسرائیل کےخلاف جوابی کارروائی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








