مزار شریف: افغانستان کے صوبہ بلخ میں سیکورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم داعش خراسان کے کمانڈر محمد احسانی عرف انور کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
محمد احسانی 2022 کے سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کا مرکزی سہولت کار تھا، جس میں 67 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق محمد احسانی کا تعلق تاجکستان سے تھا اور وہ پاکستان میں خودکش حملوں کے لیے تاجک نوجوانوں کی بھرتی اور تربیت کا ذمہ دار تھا۔
اسے داعش خراسان کے اہم ترین آپریٹرز میں شمار کیا جاتا تھا، جو پاکستان میں دہشت گردی کے بڑے حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں براہ راست ملوث رہا۔
ذرائع کے مطابق محمد احسانی کی ہلاکت افغانستان کے مزار شریف کے علاقے میں ایک خفیہ کارروائی کے دوران ہوئی۔
اس سے قبل ستمبر 2025 میں پاکستانی فورسز نے خیبر پختونخوا میں ایک آپریشن کے دوران داعش خراسان کے تین دہشت گردوں کو مار گرایا تھا، جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔
ادھر باجوڑ میں جاری آپریشن سربکف میں سیکورٹی فورسز داعش خراسان اور ٹی ٹی پی کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہیں۔
فورسز کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








