سانحہ گل پلازہ پر صوبائی معاملات کو موضوع بنانا عجیب قرار! نیوزی لینڈ میں 40 اموات پر ہنگامہ نہیں ہوا؛ شہلا رضا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے سانحہ گل پلازہ پر قومی اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اوقات کسی ایک واقعے کو جواز بنا کر ایسے موضوعات پر بحث شروع کر دی جاتی ہے جن کا اس واقعے سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا جو ایک غیر معمولی اور حیران کن رویہ ہے۔

ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ایک آتشزدگی کے نتیجے میں 40 افراد جان کی بازی ہار گئے لیکن وہاں اس سانحے کو سیاسی بحث یا ہنگامہ آرائی کا ذریعہ نہیں بنایا گیا۔ اسی طرح لاہور کے حفیظ سینٹر میں تین مرتبہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے مگر وہاں بھی اس معاملے پر سیاست نہیں کی گئی۔ شہلا رضا کا کہنا تھا کہ آگ لگنا ایک حادثہ ہے جو کہیں بھی پیش آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کے واقعے کے بعد بحث کو 18ویں ترمیم اور بنیادی تعلیم جیسے معاملات تک لے جانا اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک واقعے کو بنیاد بنا کر بڑے سیاسی اور صوبائی معاملات کو موضوع بنانا ایک غیر فطری اور عجیب روایت بنتی جا رہی ہے۔

شہلا رضا نے سندھ کی تاریخ اور ثقافتی پس منظر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایک قدیم تہذیب کا حامل صوبہ ہے جو ہزاروں سال پر محیط تاریخ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ وہ واحد خطہ رہا ہے جس نے مختلف ادوار میں آنے والے مہاجرین کو کھلے دل سے قبول کیا اس لیے اس کے کردار اور تاریخ کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جانا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے زور دیا کہ قومی نوعیت کے مسائل پر گفتگو کرتے وقت جذباتیت کے بجائے حقائق کو بنیاد بنایا جانا چاہیے تاکہ عوام میں کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو اور ملک کو درپیش اصل مسائل پر توجہ مرکوز رکھی جا سکے۔

Related Posts