امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں جمعہ کی صبح اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب انتظامیہ کو بم کی ایک مشتبہ دھمکی موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی تاہم سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کے بعد صورتحال کلیئر ہونے پر فلائٹ آپریشن چند گھنٹے بعد بحال کر دیا گیا۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
جمعہ کی صبح ایئرپورٹ انتظامیہ کو ایک نامعلوم بم دھمکی موصول ہوئی۔ دھمکی کے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے فوری طور پر تمام روانگی اور آمد کی پروازوں کو معطل کر دیا جبکہ پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی ایجنسیاں ایئرپورٹ کے مختلف حصوں میں پہنچ گئیں۔جائے وقوعہ کی تلاشی مکمل ہونے کے بعد جب کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی تو چند گھنٹوں میں فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند ہفتوں میں امریکہ کے مختلف ایئرپورٹس پر کئی جھوٹی بم دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل نومبر کے آغاز میں ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ اور نیویارک کے لگورڈیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی اسی طرح کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ان کی بھی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
امریکی ایوی اشن حکام نے اپنے بیان میں کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے۔ دھمکی ملتے ہی احتیاطی اقدام کے طور پر فلائٹس روکی گئیں اور صورتحال واضح ہونے کے بعد آپریشنز بحال کیے گئے۔
فلاڈیلفیا پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور ابھی تک کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
فلائٹس عارضی طور پر معطل کیے جانے سے کئی مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ ایئرلائنز نے متبادل پروازوں کی پیشکش کی جبکہ متعدد مسافروں نے سوشل میڈیا پر سیکیورٹی اقدامات اور بار بار کی جھوٹی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








