جاپان نے انسدادِ پولیو پروگرام میں پاکستان کیلئے 3.5ملین ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے پولیو ویکسین کی 24لاکھ سے زائد خوراکیں خریدی جائیں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں جاپان اور اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مابین معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ این ای او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کا وائرس اب بھی موجود ہے۔
ترجمان این ای او سی کا کہنا ہے کہ رواں برس کے دوران اب تک پاکستان میں پولیو کے مجموعی طور پر 30کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ پولیو کے خاتمے کیلئے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی پر تیزی سے عمل جاری ہے۔جاپان کی حکومت 1996 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی دیرینہ شراکت دار ہے۔
این سی او سی کے بیان کے مطابق جاپان نے پولیو کے خلاف جنگ میں 245ملین ڈالرز سے زائد گرانٹس اور قرضے فراہم کیے۔پولیو ایسا موذی مرض ہے جو 5 سال تک کے بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو کے مرض کے خلاف آگہی اور انسداد کیلئے مہم منعقد کی جاتی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوگیا تاہم پاکستان کے مختلف شہروں میں پولیو کے کیسز رواں برس بھی رپورٹ کیے جارہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








