ہالی ووڈ کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے اپنے تازہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو حیرت زدہ کردیا۔
ہمیشہ کی طرح بھرپور گلیمر میں نظر آنے کے بجائے اس بار وہ نہایت سادہ انداز میں ایک باتھ روب پہنے ہوئے دکھائی دیں جس پر کئی مداحوں نے کہا کہ وہ بالکل کسی اور شخصیت جیسی لگ رہی ہیں۔
یہ نیا انداز دراصل ان کی آنے والی فلم کس آف دی اسپائیڈر وومن کے لیے ہے، جس کی ہدایت کاری بل کونڈن کر رہے ہیں اور یہ فلم 10 اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔
جینیفر نے اس کردار کے لیے اپنا مخصوص برونیٹ اسٹائل چھوڑ کر پلاٹینم بلونڈ وِگ کا انتخاب کیا، جو اونچی کرل والی پونی ٹیل میں بندھی تھی، ساتھ ہی ہلکی گلابی ہیڈ بینڈ، سرخ لپ اسٹک اور ہم رنگ نیلز نے ان کی شخصیت کو بالکل مختلف بنا دیا۔
تصاویر میں وہ کبھی سیلفی لیتی ہوئی نظر آئیں تو کبھی باتھ ٹب میں آرام کرتی ہوئی، جہاں فلم کے کردار آؤرورا کے لیے بنائے گئے ڈریسز کے خاکے بھی دکھائی دیے۔
جینیفر نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا، آؤرورا کے کردار میں جانا ایسے لگا جیسے سنہری دورِ سنیما میں رقص کرنا ہو، جہاں ہر طرف گلیمر اور ڈانس کی چمک ہے۔
ٹیلر سوئفٹ کا دی آفیشل ریلیز پارٹی آف اے شوگرل کے تھیٹر ایونٹ کا اعلان
دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی مداحوں نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل گوین اسٹیفانی جیسی لگ رہی ہیں۔ کسی نے لکھا: میں نے سمجھا یہ گوین ہیں ، تو کسی نے کہا: اوف، یہ تو بالکل گوین جیسی لگ رہی ہیں!۔
مداحوں کی بڑی تعداد ان کے اس نئے روپ کی تعریف کر رہی ہے۔ کسی نے کہا: یہ بال بالکل تم پر جچ رہے ہیں، تو کسی نے تعریف کی کہ ہمیشہ کی طرح ٹیلنٹ اور خوبصورتی کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ کچھ لوگوں نے یہاں تک کہا کہ وہ اس نئے اسٹائل میں کہیں زیادہ کم عمر دکھائی دے رہی ہیں۔
جینیفر لوپیز کے اس منفرد روپ نے فلم کے لیے مداحوں میں جوش و خروش بڑھا دیا ہے، اور سب کو انتظار ہے کہ وہ بڑے پردے پر آؤرورا کو کس طرح پیش کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








