عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے مداحوں کے لیے ایک منفرد سرپرائز دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے بارہویں اسٹوڈیو البم دی لائف آف اے شوگرل کی ریلیز کے موقع پر ایک خصوصی تین روزہ تھیٹر ایونٹ منعقد کریں گی، یہ ایونٹ 3 اکتوبر سے شروع ہوگا جو ان کے نئے البم کے اجرا کے دن کے ساتھ ہی جڑا ہوگا۔
ایونٹ کا سب سے بڑا مرکز ان کے نئے گانے دی فیٹ آف اوفیلیا کی میوزک ویڈیو کا ورلڈ پریمئر ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی مداحوں کو ویڈیو کی شوٹنگ کے پردے کے پیچھے کے مناظر، پورے البم کے گانوں کے لیرک ویڈیوز اور ٹیلر سوئفٹ کی تخلیقی عمل سے متعلق خصوصی گفتگو بھی دکھائی جائے گی۔
ٹیلر سوئفٹ نے انسٹاگرام پر اپنے اعلان میں مداحوں کو پرجوش انداز میں کہا کہ لگتا ہے وقت آ گیا ہے کہ آپ اپنی ایراس ٹور ڈریس یا نارنجی کارڈیگن نکال لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکٹس آن لائن دستیاب ہیں۔ ڈانس کرنا آپشنل ہے مگر اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
اے ایم سی تھیٹرز کے مطابق یہ تقریب عام فلم اسکریننگ سے کہیں زیادہ انٹرایکٹو ہوگی۔ مداحوں کو گانوں پر گانے اور جھومنے کی اجازت ہوگی تاہم حفاظتی قواعد بھی لاگو ہوں گے، جیسے نشستوں پر کھڑے نہ ہونا اور راستے بند نہ کرنا۔ ایونٹ میں ٹیلر سوئفٹ کی طرف سے ہر گانے پر تفصیلی وضاحت بھی شامل ہوگی تاکہ مداح ان کی تخلیقی سوچ اور جذبات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
ٹکٹوں کی فروخت 19 ستمبر کو دوپہر 12 بج کر 12 منٹ پر شروع ہوئی، جو ٹیلر سوئفٹ کے لیے نمبر 12 کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ امریکا میں ٹکٹس کی قیمت 12 ڈالر مقرر کی گئی ہے جس میں اضافی فیس شامل نہیں ہے۔
تیجسوی پرکاش اور شہناز گل باسی لک میں ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز
یہ ایونٹ 540 سے زائد اے ایم سی تھیٹرز میں دکھایا جائے گا، جبکہ ریگل، سنی مارک اور فینڈینگو پر بھی ٹکٹس دستیاب ہیں۔
امریکا کے باہر مداحوں کے لیے ٹکٹیں 23 ستمبر سے دستیاب ہوں گی، جن میں کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کئی یورپی ممالک شامل ہیں۔ مزید ممالک کا اعلان 3 اکتوبر کے قریب متوقع ہے۔
یہ ٹیلر سوئفٹ کا پہلا تھیٹر پراجیکٹ نہیں ہے۔ اس سے قبل 2023 میں ان کی فلم دی ایراس ٹور نے باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیے اور بعد میں ڈزنی پلس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی میوزک فلم بن گئی تھی۔ نیا ایونٹ 3 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا اور 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








