اسلام آباد: ڈاکٹرز کی ہدایت پر کورونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثرہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اہل خانہ نے نجی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثر ہونے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا ایک روز قبل سٹی اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار نہیں دیا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق جسٹس قاضی فائز کی عیسیٰ کی طبیعت تاحال بہتر نہ ہوسکی، جس کے بعد انہیں اب علاج کے لیے گھر سے اسپتال منتقل کیا گیا۔
کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد سے اُن کا اور اہلیہ کا گھر پر ہی علاج جاری تھا، ڈاکٹرز اور پاک فوج کے سینئر ترین ڈاکٹر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا معائنہ کیا اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔
ڈاکٹرز کی ہدایت پر اہل خانہ نے قاضی فائز عیسیٰ کو قائد اعظم اسپتال منتقل کردیا، جہاں اُن کا علاج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اُن کی حالت کو ڈاکٹرز نے خراب ضرور قرار دیا مگر اُن کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اُن کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو معمولی علامات تھیں، جس کے بعد ڈاکٹرز نے اُن کا ٹیسٹ کیا تو دونوں کو کرونا کی ڈیلٹا قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔