صبا قمر اور فیصل قریشی سمیت دیگر اہم ستاروں کے ہمراہ کیس نمبر 9 ایک ایسا ڈرامہ ہے جو آج رات کو پیش کیا جائے گا جیو ٹی وی کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہادر خاتون کی دلچسپ کہانی ہے جو انصاف کی تلاش میں ہے۔
تفصیلات کےمطابق معروف تجزیہ نگار اور ٹاک شو اینکر شاہ زیب خانزادہ کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ جیو ٹی وی پر آج رات 8 بجے نشر ہوگا اور یہ ایک ایسے جرم کی کہانی بیان کرتا ہے جو روزمرہ کی حقیقت سے متاثر ہے لیکن ایک منفرد کیس کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
عدالت میں ریپ کیسز کی سماعتیں ہوں یا عکلاء کے دلائل اور سوشل میڈیا کی لڑائیاں ہزاروں خواتین اس جملے کی سے خاموش رہتی ہیں اور سچ نہیں کہہ سکتیں کہ لوگ کیا کہیں گے۔
معروف ہدایت کار سید وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں کیس نمبر 9 ناظرین کو اپنے مرکزی کردار سحر (صبا قمر) سے متعارف کراتا ہے جو ایک بہادر اور مضبوط عورت ہے جو سماجی پابندیوں کو چیلنج کرتی ہے اور ہمت و مزاحمت کی علامت بن جاتی ہے۔
اس بہادر خاتون کے مقابلے میں فیصل قریشی ایک مغرور اور بااثر تاجر کامران کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنی انا اور طاقت سے سحر کو دبانے کی کوشش کرتا ہے۔
ڈرامے کا مرکزی سوال یہ ہے کہ کیا سحر کامران کی سازشوں کا شکار ہوجائے گی یا پھر وہ اپنی ہمت اور عزم کے ذریعے فتحیاب ہوگی۔ بداللہ کڈوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن میں بننے والے اس ڈرامے میں ایک شاندار کاسٹ شامل ہے جس میں صبا قمر، فیصل قریشی، جنید خان، رشنا خان، آمنہ شیخ، شاہ نواز زیدی، حنا بیات، گوہر رشید، علی رحمان خان، نور الحسن، ناہین وقار، زہرہ عامر، مزنہ وقاص، کامران جیلانی، فیضہ گیلانی، عذرا محی الدین اور دیگر شامل ہیں۔
فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ یہ ڈرامہ وقت کی ضرورت ہے جو تاریخ رقم کرے گا۔ میں ایک ایسے پراجیکٹ کا حصہ بننا چاہتا تھا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جسے حقیقت بنانے کیلئے ہم نے بہت محنت کی۔
دوسری جانب صبا قمر کا کہنا ہے کہ میں کسی پراجیکٹ کو اسکرپٹ پڑھے بغیر کم ہی قبول کرتی ہوں لیکن جب میں نے کیس نمبر 9 کا اسکرپٹ پڑھا تو مجھے محسوس ہوا کہ اسے کسی تجربہ کار مصنف نے لکھا ہے۔
صبا قمر کو یہ بعد میں پتہ چلا کہ یہ شاہزیب خانزادہ کا پہلا اسکرپٹ تھا۔ کیس نمبر 9 ہر بدھ اور جمعرات کو رات 8 بجے نشر کیا جائے گا۔ اس طرح ناظرین ہر ہفتے اس ڈرامے کی 2 قسطیں ملاحظہ کرسکیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








