کراچی: شاہ فیصل کالونی پل پر ناکہ لگا کر لوٹ مارکی ویڈیو وائرل، پولیس نے کیا کارروائی کی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

شاہ فیصل کالونی
(فوٹو: آن لائن)

شہرِ قائد کے علاقے کورنگی شاہ فیصل کالونی پل پر مسلح ڈاکوؤں کا ایک گروہ مبینہ طور پر ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ہے۔ حال ہی میں اس علاقے میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 12 سے 15 مسلح افراد کا گروہ پل پر رکاوٹیں کھڑی کر کے گزرنے والی گاڑیوں کو روکتا ہے اور شہریوں سے لوٹ مار کرتا ہے۔ یہ افراد کلاشنکوف سمیت دیگر جدید ہتھیاروں سے لیس ہوتے ہیں اور جو شخص مزاحمت کرے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مقامی ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان مبینہ ملزمان کا تعلق پل کے قریب واقع ایک بستی سے ہے، جہاں سے یہ واردات کے بعد آسانی سے فرار ہو کر چھپ جاتے ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے میں تین مشتبہ افراد نے ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی، تاہم ڈرائیور نے فوری ردعمل دیتے ہوئے گاڑی موڑ کر رانگ سائیڈ میں چلانا شروع کردی، جس سے وہاں موجود دیگر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، تاہم مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حکام کے مطابق ابھی تک کسی شہری کی جانب سے اس واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی ہے۔

Related Posts