کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارشوں کے چار سے چھ اسپیل متوقع ہیں جن کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
آج شہر کے مختلف علاقوں گلستانِ جوہر، شارع فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، کورنگی، لانڈھی، یونیورسٹی روڈ، گلشنِ اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ملیر میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے دوران لوگوں کو گھروں، دفاتر اور فیکٹریوں سے غیر ضروری طور پر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ مختلف مقامات پر ہجوم اور بدنظمی پیدا نہ ہو۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے دیگر اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، مٹیاری، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، سکھر، دادو، جامشورو، سجاول، لاڑکانہ، گھوٹکی اور جیکب آباد میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے نشیبی اور ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، خاص طور پر میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر اور لاڑکانہ کو زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ اس دوران حب ڈیم میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








