کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بارش کا آغاز ہوا، جبکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے یش نظر مختلف علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی تعداد بڑھا دی گئی، بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جن میں لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس اور گلستان جوہر میں بارش ہوئی۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہا کہ بارشوں کے پیش نظر بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں جبکہ متعلقہ محکمے ہائی الرٹ ہیں۔
جن علاقوں میں بارش ہوئی، ان میں ڈرگ روڈ، شارع فیصل، محمود آباد، قائد آباد اور ملیر سمیت متعدد دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ سلمان مراد کے مطابق سائٹ، نرسری، اسٹیڈیم روڈ، کارسازا ور نیپا پر ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب کر دی گئی، ملینیئم مال، بروکس چورنگی اور دیگر مقامات پر اضافی پمپس لگا دیے گئے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق کراچی کی مرکزی شاہراہوں اور اہم گزرگاہوں پر بلدیاتی عملہ تعینات کر دیا گیا، جبکہ شہریوں کو بارش میں احتیاط کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ شہریوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے 4اپریل تک بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔ 4اپریل تک سندھ کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 30 سے زائد اضلاع بھی نئےموسمیاتی سسٹم کی زد پر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








