کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں جاری ای ٹریکس سسٹم کے تحت اب روبوٹس کے ذریعے ای چالان جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،اس فیصلے کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک نظام کو مزید منظم اور خودکار بنانا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اعلان کیا کہ ای چالان کے لیے اب تیسرا طریقہ متعارف کرایا جا رہا ہے جو روبوٹس کے ذریعے مکمل طور پر خودکار ہوگا۔
ان کے مطابق آئندہ ماہ سے نو پارکنگ اور نو ٹو لین کے سائن بورڈز شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً صدر اور طارق روڈ پر نصب کیے جائیں گے، جہاں روبوٹس گشت کریں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق یہ روبوٹس تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے گاڑیوں کو اسکین کریں گے۔
اگر کوئی گاڑی پارکنگ یا لین کی خلاف ورزی میں پائی گئی تو نظام خود بخود اس کے خلاف ای چالان جاری کرے گا اور معلومات براہِ راست ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بھیج دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ای ٹریکس سسٹم کے نفاذ کے صرف دو ہفتوں کے اندر کراچی میں تقریباً 50 ہزار ڈرائیورز کو مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے جا چکے ہیں، جو اس منصوبے کی کامیابی اور شہری نظم و ضبط میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








