کراچی یلو لائن بی آر ٹی کا اہم سیکشن عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

یلو بی آر ٹی، فائل فوٹو

سندھ حکومت نے کراچی یلو لائن بی آر ٹی کے اہم تاج حیدر برج سیکشن کو عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ گلشنِ معمار سے ٹاور تک ایک نئی برقی (EV) بس سروس کے آغاز کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زامین، ایم ڈی ایس ایم ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا تاج حیدر برج سیکشن مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد ہی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلشنِ معمار سے ٹاور تک 15 برقی بسوں پر مشتمل نئی روٹ شروع کی جا رہی ہے جو شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی۔

صوبائی حکومت نے مزید اعلان کیا کہ کراچی کے بعد خواتین اور طالبات کے لیے اسکوٹر ٹریننگ پروگرام حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی شروع کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ پیپلز بس سروس کو سندھ کے مزید تین اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کے بااختیار ہونے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسکوٹر ٹریننگ ایک نجی کمپنی کے تعاون سے دی جائے گی، جو نہ صرف آمدورفت کا ذریعہ ہوگی بلکہ خواتین کی خودمختاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا سبب بھی بنے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے تاکہ ان پر کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ ہو۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے تحت 20 نئی بسیں خیرپور، شکارپور اور نوشہرو فیروز میں چلائی جائیں گی، تاکہ سندھ کے دیگر شہروں کے شہریوں کو بھی معیاری سفری سہولیات حاصل ہوں۔ اسی طرح کراچی میں ڈبل ڈیکر اور برقی بسوں کا نیا بیڑا بھی جلد پہنچ جائے گا۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق برقی (EV) ٹیکسی سروس دسمبر میں شروع کی جائے گی، جس کے ابتدائی مرحلے میں 30 ’’پنک ای وی ٹیکسی‘‘ کے لیے خواتین ڈرائیوروں کو تربیت دی جائے گی۔

Related Posts