کوئٹہ کے آسمان پر پراسرار رنگین ہالہ! نایاب قدرتی منظر کی حقیقت جانتے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Mysterious Rainbow Halo Lights Up Quetta Sky
ONLINE

منگل کی صبح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شہریوں نے آسمان پر ایک دلکش اور حیران کن منظر دیکھا۔

صبح تقریباً 6 بج کر 20 منٹ پر آسمان میں ایک رنگ برنگا دائرہ نمودار ہوا جس نے دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا۔ چند منٹ بعد یہ منظر غائب ہوگیا مگر اس کا حسن دیر تک شہریوں کے ذہنوں پر نقش رہا۔

یہ رنگین مظہر نہ صرف کوئٹہ بلکہ نوشکی، دالبندین اور اطراف کے علاقوں میں بھی دیکھا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آسمان پر رنگوں کا یہ دائرہ جادوئی منظر پیش کر رہا تھا، جو کچھ دیر بعد آہستہ آہستہ مدھم ہو کر غائب ہو گیا۔

 

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق یہ دلکش قدرتی مظہر لینٹیکولر بادل کی تشکیل کے باعث سامنے آیا، جو کوہِ مردار کے مشرقی پہاڑی سلسلے کے اوپر طلوعِ آفتاب سے کچھ دیر قبل نمودار ہوا تھا۔ ان کے مطابق یہ بادل تقریباً 6:20 پر ظاہر ہوئے اور 6:45 تک تحلیل ہو گئے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ لینٹیکولر بادل دراصل ایسے مخصوص بادل ہوتے ہیں جو پہاڑوں کے اوپر اس وقت بنتے ہیں جب نم دار اور مستحکم ہوا پہاڑوں سے ٹکرا کر بلند ہوتی ہے اور فضا میں موجی پیٹرن تشکیل دیتی ہے۔

جب یہ ہوا اپنے درجہ حرارت کے نقطۂ شبنم پر پہنچتی ہے تو بادل بنتے ہیں، اور پہاڑوں کے نیچے کی گرم ہوا بخارات کو تحلیل کر دیتی ہے، جس سے بادلوں کو عدسے یا گول تشتری جیسی منفرد شکل ملتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بادل اپنی ہموار اور تہہ دار ساخت کی وجہ سے بعض اوقات اڑن طشتریوں سے مشابہ دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث کئی لوگ انہیں پراسرار مظاہر سمجھ بیٹھتے ہیں۔

پاکستان میں، خاص طور پر بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں اس طرح کے بادل شاذونادر ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح آسمان پر نظر آنے والا یہ رنگین ہالہ دراصل سورج کی روشنی کے لینٹیکولر بادلوں میں موجود نمی سے ٹکرانے کے نتیجے میں بنا، جس سے قوس و قزح جیسے دلکش رنگ بکھر گئے اور آسمان ایک حیرت انگیز منظر پیش کرنے لگا۔

Related Posts