بھارت میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بیوی نے اہل خانہ کو گھر بلا کر ان کی مدد سے اپنے شوہر کو شادی کے 2 ماہ بعد قتل کردیا۔ شادی سے 9سال قبل دونوں میاں بیوی میں محبت کا رشتہ قائم تھا، خاتون نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے اس کا سبب غصے کو قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 33 سالہ جتیندر کمار یادو اور اس کی اہلیہ جیوتی کی شادی 25 نومبر 2025 کو دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی تھی۔ شادی کے دو ماہ بعد ہی میاں بیوی کے درمیان جھگڑے شروع ہو گئے، جن کی بنیادی وجہ مالی اختلافات تھے۔ الزام ہے کہ جتیندر نے جیوتی کے بینک اکاؤنٹ سے 20 ہزار روپے نکلوائے اور یہ رقم آن لائن جوئے میں ہار کر ضائع کر دی۔
گزشتہ ماہ 26 جنوری 2026 کو ہونے والے جھگڑے کے دوران جیوتی نے اپنے والد کالی چرن، والدہ چمیلی اور بھائی دیپک کو گھر بلا لیا۔ پولیس کے مطابق، والدین اور بھائی نے جتیندر کے ہاتھ پاؤں پکڑ کر اسے قابو کیا، جبکہ جھگڑے کے دوران جیوتی نے اپنے شوہر کا گلا دبایا، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
قتل کے بعد ملزمان نے جتیندر کی لاش کو مفلر کے ذریعے وینٹیلیشن گرِل سے لٹکا کر خودکشی کا منظر پیش کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے موت کو مشتبہ خودکشی قرار دیا، تاہم جتیندر کے بھائی اجے کمار کی شکایت اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد قتل کا انکشاف سامنے آگیا۔
پولیس نے جیوتی اور اس کے والدین کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ بھائی دیپک کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ تفتیش کے دوران جیوتی نے اپنا جرم تسلیم کیا اور بتایا کہ مالی تنازعات اور غصے کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔پولیس کے مطابق جتیندر بریلی کے انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(آئی وی آر آئی) میں کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا، جبکہ جیوتی اتر پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں کنڈکٹر تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








