سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک نیا فیچر متعارف کروانے کی تیاری کی جا رہی ہے جس کی مدد سے صارفین اب خود کو کسی اور شخص کی کلوز فرینڈز لسٹ سے نکال سکیں گے۔
میٹا کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یہ فیچر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور فی الحال صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
کلوز فرینڈز فیچر صارفین کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنی اسٹوریز، ریلز اور پوسٹس صرف منتخب کردہ دوستوں کے ساتھ شیئر کریں۔ اس فیچر کو 2018 میں متعارف کروایا گیا تھا مگر اب تک صارفین کے پاس یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ خود کو کسی اور کی کلوز فرینڈز لسٹ سے ہٹا سکیں۔
یہ نیا فیچر سب سے پہلے ایکس (ٹوئٹر) صارف الیسنڈرو پلوزی نے رپورٹ کیا جو میٹا ایپس میں نئے فیچرز دریافت کرنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ ان کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس سے پتہ چلتا ہے کہ اگر کوئی صارف کلوز فرینڈ لسٹ سے نکلتا ہے تو انسٹاگرام اسے انتباہ کرے گا کہ وہ اس وقت تک متعلقہ مواد نہیں دیکھ سکے گا جب تک دوبارہ فہرست میں شامل نہ کیا جائے۔
اگرچہ بعض صارفین اس تبدیلی کو ناپسند کر سکتے ہیں کہ کوئی ان کی کلوز فرینڈ لسٹ سے باہر نکل جائے لیکن یہ فیچر ان افراد کے لیے مفید ہوگا جو کسی مخصوص لسٹ میں شامل ہونا نہیں چاہتے۔
واضح رہے کہ اس طرح کا فیچر پہلے سے اسنیپ چیٹ میں موجود ہے اور اب میٹا اسے انسٹاگرام میں لانے پر غور کر رہا ہے۔ چونکہ فیچر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








