لاہور: گرین ٹاؤن میں غیرت کے نام پر 22سالہ خاتون قتل، حنا پرویز بٹ کا سخت نوٹس

تازہ ترین

تازہ ترین

گرین ٹاؤن
(فوٹو: آن لائن)

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں دیور نے 22 سالہ خاتون کو غیرت کے نام پر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے 22 سالہ خاتون کے قتل پر رپورٹ طلب کرلی۔ حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ دیور نے کردار پر شک کے باعث خاتون کو چھری کے وار کرکے قتل کیا۔

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے کہا کہ پولیس نے ملزم کو لاہور کے قائد اعظم انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی۔ غیرت کے نام پر قتل بد ترین ظلم اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔

واضح رہے کہ گرین ٹاؤن میں خاتون کے قتل پر پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا تھا۔ حنا پرویز بٹ کے مطابق خواتین کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پنجاب حکومت خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

واقعے کی مزید تفصیلات

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت مقدس بی بی کے نام سے ہوئی جسے نامعلوم شخص نے چھریوں کے وار کرکے قتل کیا تھا، جو بعد میں اس کا دیور رضوان حیدر نکلا۔ واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب مقتولہ کے شوہر محمد حنیف گھر پہنچے تو گھر پر تالا لگا ہوا تھا۔

کھڑکی سے جھانکنے پر محمد حنیف کو اپنی اہلیہ کی لاش نظر آئی، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کیا۔ تحقیقات سے پتہ چلاکہ مقتولہ کے دیور رضوان حیدر نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر مقتولہ کو قتل کیا ہے۔

واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا، تاہم آج سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق ملزم نے غیرت کے نام پر خاتون کے کردار پر شک کرتے ہوئے اسے چھریوں کے وار کرکے قتل کیا، جس کے باعث حنا پرویز بٹ کے حکم پر ملزم کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے۔

Related Posts