عیدالاضحیٰ کے پیش نظر پنجاب میں 13 مئی سے عارضی مویشی منڈیاں فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جہاں شہری قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔
پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی (PCMMDC) کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 5 عارضی سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ شاہ پور کانجراں مویشی منڈی بطور ماڈل مستقل بنیادوں پر فعال رہے گی۔
حکام کے مطابق عارضی سیل پوائنٹس میں سگیاں مویشی سیل پوائنٹ (25 ایکڑ)، واہگہ سپورٹس کمپلیکس (50 ایکڑ)، برکی روڈ (20 ایکڑ)، ایل ڈی اے سٹی (65 ایکڑ) اور رائیونڈ مویشی سیل پوائنٹ (25 ایکڑ) شامل ہیں۔
ان منڈیوں میں شہریوں کی سہولت کے لیے ٹینٹس، پینے کا صاف پانی اور آگاہی فلیکس بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ خرید و فروخت کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس اور پیرا فورس تعینات کی جائے گی، جبکہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو 1122 بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہیں گے۔
اس کے علاوہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ ادارے بھی انتظامات میں حصہ لیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی مویشی منڈیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے شہریوں کو جانوروں کی خریداری میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








