لازوال عشق: عائشہ عمر کے متنازع شو میں ایسا کیا ہے کہ پابندی کا مطالبہ اتنا زور پکڑگیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Lazawal Ishq: Why are netizens calling for ban on Pakistan’s first dating show?
ONLINE

پاکستان میں پہلی بار بننے والے ڈیٹنگ ریئلٹی شو لازوال عشق نے ابھی آغاز سے قبل ہی شدید تنازع کھڑا کردیا ہے۔

مشہور اداکارہ عائشہ عمر کی میزبانی میں یہ پروگرام 12 ستمبر کو یوٹیوب پر جاری کیے گئے ٹیزر کے بعد سے ہی زیر بحث ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

شو کی باضابطہ ریلیز تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم اس کے ٹیزر نے عوامی حلقوں میں شدید تنقید کو جنم دیا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Ayesha Omar (@ayesha.m.omar)

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستانی اقدار اور روایات کے منافی ہے جبکہ کچھ افراد کے مطابق اس طرح کے شوز ملکی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

شو ایک پرتعیش حویلی میں فلمایا گیا ہے، جہاں چار نوجوان جوڑوں کو 100 دن تک ایک ہی چھت تلے رکھا جائے گا۔

وہ چوبیس گھنٹے کیمروں کی نگرانی میں رہیں گے، مختلف ٹاسک انجام دیں گے، ڈیٹس پر جائیں گے اور آخر میں انعام جیتنے کے لیے مقابلہ کریں گے۔ عائشہ عمر اس پروگرام کی میزبانی کریں گی۔

سوشل میڈیا پر ناقدین نے اس شو کو اسلامی اقدار اور سماجی روایات کے منافی قرار دیا ہے۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اس طرح کا مواد کیسے نشر کیا جاسکتا ہے۔

عورتیں اور مرد گھر میں بند، لائیو ریکارڈنگ! عائشہ عمر کے نئے رئیلٹی شو میں کیا ہونیوالا ہے؟

بعض نے اسے کھلم کھلا فحاشی اور بے حیائی کے فروغ کی کوشش قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے نکاح اور خاندانی نظام کو نقصان پہنچانے والی سوچ سے تعبیر کیا۔

کئی صارفین نے پیمرا اور وزارتِ اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ شو پر فوری پابندی عائد کی جائے، بصورت دیگر یہ معاشرے کے نوجوانوں کو گمراہ اور خاندانی ڈھانچے کو کمزور کرے گا۔ بعض نے خبردار کیا کہ عوامی غصہ بڑھا تو پاکستان بھی نیپال، بنگلہ دیش یا سری لنکا جیسی صورتحال سے دوچار ہوسکتا ہے۔

اس کے برعکس ایک طبقہ اس شو کا دفاع کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ ایک بروقت اور ضروری اقدام ہے۔

ان کے مطابق بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح کو دیکھتے ہوئے شادی سے قبل نوجوانوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ کچھ نے کہا کہ اگر پسند نہیں تو نہ دیکھیں مگر دوسروں پر پابندی لگانا درست نہیں۔

تاحال شو کی پروڈکشن ٹیم یا عائشہ عمر کی جانب سے عوامی ردعمل پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم ٹیزر میں عائشہ عمر نے اسے پاکستانی ناظرین کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ قرار دیا ہے۔

Related Posts