شہر قائد کے مکینوں کیلئے زندگی مزید مشکل! شہری مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi authorities set official prices for flour, bread

ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ کراچی ایک بار پھر سب سے مہنگا شہر بن گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شہریوں کیلئے روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 100 روپے بڑھ گئی جس کے بعد اس کی قیمت 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ پہلے یہی تھیلا 2 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ اس اضافے کے بعد کراچی آٹا خریدنے والوں کیلئے ملک کا سب سے مہنگا شہر بن چکا ہےجہاں پہلے ہی پیٹرول اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے نے شہریوں پر مالی دباؤ بڑھا رکھا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 290 روپے مہنگا ہوا، اسلام آباد میں 93 روپے، پشاور میں 150 روپے اور خضدار میں 140 روپے اضافہ دیکھا گیا۔ اسی طرح راولپنڈی میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے، کوئٹہ میں 30 روپے جبکہ ملتان میں 27 روپے اضافے کی اطلاع ملی۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اور منی مزدا ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔انکا خیال ہے کہ اس کے اثرات ملک بھر کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈالیں گے۔

عیدالاضحیٰ قریب آنے کے باعث وہ خاندان جو پہلے ہی ایندھن اور سفر کے بڑھتے اخراجات سے پریشان تھے اب خوراک کی مہنگی ہوتی قیمتوں کا سامنا بھی کر رہے ہیں جس سے مہنگائی کا بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھنے کے باعث زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق آٹا، پیٹرول اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ فوری ریلیف کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی۔

Related Posts