کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی تاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور گڈانی میں بارش شروع ہوگئی۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔

شہرِ قائد کے علاقے صدر، گارڈن، ماڑی پور گل پلازہ اور مشرف کالونی میں بھی بارش ہوئی۔ نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، بفرزون اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا آغاز ہوگیا۔ حب شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ کراچی میں جمعرات کو وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔۔  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر خشک اور رات کے وقت خنک رہے گا تاہم جمعرات کے دوران بارش کے وقفے وقفے سے ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز شہر کے درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں (آج) کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں شہر کا کم از کم درجہ حرارت 13.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

Related Posts